[]
حیدرآباد: الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تیسری تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کا پیر کے روز گزٹ اعلامیہ جاری کیا ہے۔ اس اعلامیہ میں اسمبلی کے تمام 119 حلقوں کے نو منتخب ارکان کے نام شامل ہیں۔
چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ وکاس راج اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کے سکریٹری اویناش کمار کی جانب سے منتخب تمام119 ایم ایل ایز کے ناموں پر مشتمل فہرست ریاستی گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن کو پیش کرنے کے بعد یہ گزٹ اعلامیہ جاری کیاگیا۔
قبل ازیں ریاستی گورنر نے تلنگانہ کی دوسری اسمبلی کو تحلیل کردیا۔
گورنر کے دفتر سے جاری اطلاعات کے مطابق 3 دسمبر 2023 کو تلنگانہ کی دوسری اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق وزرا کی (کابینہ) کونسل کی سفارش پر گورنر نے اپنے اختیارات کے تحت ریاست کی دوسری اسمبلی کو تحلیل کردیا جس کے ساتھ ہی ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع ہوگیاہے۔
کانگریس کا وفدگورنر سے ملاقات کرتے ہوئے سی ایل پی قائد کا نام انہیں پیش کرے گا اور گورنر‘سی ایل پی قائد کو حکومت کی تشکیل کی دعوت دیں گے اور انہیں بطور چیف منسٹر کاحلف دلائیں گے۔