[]
ترواننت پورم: ہندوستانی کھلاڑیوں نے بلے کے بعد گیند سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو دوسرے ٹی 20 میچ میں آج 44 رنوں سے شکست دے دی۔
ہندوستان کی جانب سے جیسوال، گائیکواڑ اور کشن نے نصف سنچری اننگز کھیل کربڑا اسکور کھڑا کیا۔ جبکہ روی بشنوئی اور پرسدھ کرشنا نے تین تین وکٹیں لے کر آسٹریلیا کی کمر توڑ دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان نے پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
236 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اور تیسرے ہی اوور میں اس نے سلامی بلے باز میتھو شارٹ 19 کا وکٹ گنوادیا۔ اس کے بعد پانچویں اوور میں بشنوئی نے جوش انگلس کو دو رنز پر پویلین بھیج دیا۔
اکشر پٹیل نے چھٹے اوور میں گلین میکسویل 12 کو جیسوال کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ مارکس اسٹوئنس (45) اور ٹم ڈیوڈ (37) نے اچھی شراکت داری کرتے ہوئے کچھ شاندار شاٹس لگائے۔ مارکس اسٹوئنس کو مکیش نے اکشر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ جبکہ ٹم ڈیوڈ بشنوئی کی گیند پر گائیکواڑ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
شان ایبٹ ایک رن اور ناتھن ایلس ایک رن کو پی کرشنا نے بولڈ آؤٹ کرکے آسٹریلیا کی کمر توڑ دی۔ 17ویں اوور میں ارشدیپ نے زمپا ایک رن کو بولڈ کرکے آسٹریلیا کا نواں وکٹ گرا دیا۔ آسٹریلیا کے کپتان میتھیو ویڈ 23 گیندوں پر 42 رنز اور تنویر سنگھا دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر صرف 191 رنز بنا سکی۔
ہندوستان کی جانب سے روی بشنوئی اور پرسدھ کرشنا نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ ارشدیپ سنگھ، اکشر پٹیل اور مکیش کمار نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل سلامی بلے باز یشسوی جیسوال 53 رن، رتوراج گائیکواڑ 58 اور پھر ایشان کشن کی 52 رنوں کی نصف سنچریوں اور رنکو کی نو گیندوں میں 31 رن کی شاندار اننگ کی بدولت ہندوستان نے پانچ میچوں کی ٹی20 سیریز کے دوسرے مقابلے میں اتوار کے روزآسٹریلیا کو جیت کے لیے 236 رنوں کا ہدف دیاہے۔
آج یہاں گرین فیلڈ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بلے بازی کے لیے آنے والی ہندوستان کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 5.5 اوور میں 77 رنز جوڑ کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ ایلس نے یشسوی جیسوال 53 کو زمپا کے ہاتھوں کیچ کروا کر پویلین بھیج کر ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ جیسوال نے 25 گیندوں میں نو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔
اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے ایشان کشن نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے 32 گیندوں میں تین چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 52 رنز بناڈالے۔ اسٹوئنس نے انہیں ایلس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے کپتان سوریہ کمار یادو نے 10 گیندوں میں دو چھکوں کی مدد سے 19 رنز بنائے۔
وہ ایلس کی گیند پر اسٹوئنس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ 20ویں اوور کی دوسری گیند پر روتوراج گائیکواڈ (58) چوتھے وکٹ کی شکل میں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگ میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ رنکو سنگھ نو گیندوں میں 31 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے اپنی دھماکہ خیز اننگ میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ تلک ورما سات رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ہندوستان نے ٹی-20 میچ کے مقررہ 20 اوور میں 235 رنز کا تاریخی اسکور بنایا ہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ مارکس اسٹوئنس نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔