
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جاری جھڑپوں کے دوران اپنے مزید دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک اہلکار بکتر بند بریگیڈ 401 سے تعلق رکھتا تھا، جبکہ دوسرا خصوصی یونٹ “ماغلان” کا رکن تھا۔ دونوں فوجی جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے مجاہدین کے ساتھ جھڑپوں کے دوران مارے گئے۔
ادھر اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے گزشتہ روز بھی جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج کے جانی نقصانات کی اطلاع دی تھی۔ ان رپورٹس کے مطابق ایک اسرائیلی فوجی ہلاک اور 11 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان جاری تصادم کے باعث سرحدی علاقے میں کشیدگی بدستور برقرار ہے اور فریقین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں نقصانات کی اطلاعات مسلسل سامنے آرہی ہیں۔
