اسلام فرد، معاشرہ اور دنیا میں ہمہ گیر انقلاب برپا کرنا چاہتا ہے: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

اسلام فرد، معاشرہ اور دنیا میں ہمہ گیر انقلاب برپا کرنا چاہتا ہے: مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری

حیدرآباد، 17 جون (پریس ریلیز):انسانی تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دنیا ظلم، بے راہ روی، اخلاقی انحطاط اور فکری انتشار کا شکار ہوئی، اللہ تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ انبیاء علیہم السلام کے ذریعے انسانیت کی رہنمائی فرمائی۔ انبیائے کرام علیہم السلام کی تعلیمات کا مقصد صرف چند رسوم و عبادات کی تلقین نہیں تھا بلکہ انسان کی پوری زندگی میں ایسی ہمہ گیر تبدیلی پیدا کرنا تھا جو اسے باوقار، باکردار اور کامیاب انسان بنا دے۔ اسلام اسی الٰہی انقلاب کا مکمل اور آخری منشور ہے جو فرد، معاشرہ اور پوری دنیا کو خیر، عدل، امن اور فلاح کے راستے پر گامزن کرنا چاہتا ہے۔

خطیب و امام مسجد تلنگانہ اسٹیٹ حج ہاؤز نامپلی حیدرآباد، مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے بتایا کہ اسلام انسانی زندگی میں تین بنیادی سطحوں پر انقلاب برپا کرنا چاہتا ہے: انفرادی سطح، اجتماعی سطح اور بین الاقوامی سطح۔

انہوں نے کہا کہ انفرادی سطح پر اسلام انسان کے باطن، کردار اور اخلاق کی اصلاح کا درس دیتا ہے۔ قرآن مجید انسان کو نفس کی پاکیزگی اور روحانی تربیت کی طرف متوجہ کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے:

﴿قَدْ أَفْلَحَ مَنْ زَكّٰهَا ۝ وَقَدْ خَابَ مَنْ دَسّٰهَا﴾

’’بیشک وہ شخص کامیاب ہوگیا جس نے اپنے نفس کو پاک کر لیا اور وہ نامراد ہوا جس نے اسے گناہوں میں آلودہ کر دیا۔‘‘

مولانا نے فرمایا کہ اسلام کا پہلا انقلاب انسان کے دل و دماغ میں برپا ہوتا ہے، جہاں خواہشات کی غلامی ختم ہو کر اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور رضامندی زندگی کا مقصد بن جاتی ہے۔

اجتماعی سطح پر اسلام ایک ایسے معاشرے کی تشکیل چاہتا ہے جو عدل، اخوت، ایثار، صبر اور باہمی تعاون کی بنیادوں پر قائم ہو۔ قرآن کریم اہلِ ایمان کو اجتماعی استحکام اور اجتماعی جدوجہد کی تلقین کرتے ہوئے فرماتا ہے:

﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا اصْبِرُوا وَصَابِرُوا وَرَابِطُوا وَاتَّقُوا اللّٰهَ لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ﴾

’’اے ایمان والو! صبر کرو، ثابت قدم رہو، ہر محاذ پر مستعد رہو اور اللہ سے ڈرتے رہو تاکہ تم کامیاب ہو جاؤ۔‘‘

انہوں نے کہا کہ اسلام ایسا معاشرہ قائم کرنا چاہتا ہے جہاں انسانیت کی خدمت، حقوق العباد کی ادائیگی اور اجتماعی بھلائی کو ترجیح حاصل ہو۔

مولانا مفتی ڈاکٹر حافظ محمد صابر پاشاہ قادری نے مزید فرمایا کہ اسلام کا پیغام کسی خاص قوم، نسل یا خطے تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اسلام امن، عدل اور انسان دوستی پر مبنی عالمی نظام کا داعی ہے۔ قرآن مجید ارشاد فرماتا ہے:

﴿إِنْ هُوَ إِلَّا ذِكْرَى لِلْعَالَمِينَ﴾

’’یہ تو تمام جہان والوں کے لیے نصیحت ہے۔‘‘

انہوں نے کہا کہ موجودہ دنیا میں نفرت، تعصب، جنگ اور استحصال کے خاتمے کا واحد راستہ اسلامی تعلیمات پر عمل ہے۔ اسلام تمام باطل قوتوں کے مقابلے میں حق، انصاف اور انسانی وقار کے قیام کا علمبردار ہے۔

آخر میں مولانا نے کہا کہ قرآن و سنت کی تعلیمات سے واضح ہوتا ہے کہ اسلام محض چند مذہبی اعمال کا نام نہیں بلکہ ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے، جو فرد کی اصلاح، معاشرے کی تعمیر اور عالمی امن کے قیام کے ذریعے ایک ہمہ گیر اور مثبت انقلاب برپا کرنا چاہتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *