مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ نے کہا ہے ہے کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے مختلف ٹھکانوں اور فوجی نقل و حرکت کے خلاف مجموعی طور پر 22 کارروائیاں کی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ کارروائیاں اسرائیلی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں، جنوبی لبنان میں شہریوں پر حملوں اور دیہات کی تباہی کے ردعمل میں کی گئیں۔
حزب اللہ کے مطابق ان کارروائیوں میں میزائل اور ڈرون حملے شامل تھے، جو جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں مجدل زون، کفرتبنیت، عدیسہ، مارون الراس، یحمر الشقیف اور دیگر مقامات پر اسرائیلی فوجی اجتماع اور گاڑیوں کو نشانہ بنا کر کیے گئے۔
تنظیم نے یہ بھی دعوی کیا کہ کفرتبنیت کے مقام پر اسرائیلی فوج کے درانداز عناصر کے خلاف گھات لگا کر حملہ کیا گیا، جبکہ مجدل زون میں کئی گھنٹوں تک جھڑپیں جاری رہیں جن کے دوران متعدد اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ حزب اللہ نے اسرائیلی ڈرون “ہرمیس 450” کو التفاح کے فضائی علاقے میں نشانہ بنا کر پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔
