
جلگاؤں (نامہ نگار): بھوئیٹے نگر، جلگاؤں کے رہائشی ڈاکٹر عمیر ریاض دیشپانڈے نے گرانٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج اور سر جے جے ہاسپٹل گروپ، ممبئی سے ایم بی بی ایس کے آخری امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کے ساتھ امتیازی کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر ہر طبقۂ فکر سے انہیں مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر عمیر دیشپانڈے نے ایم بی بی ایس کے آخری امتحان میں 67.62 فیصد نمبر حاصل کرکے فرسٹ کلاس میں کامیابی حاصل کی۔ ان کی ابتدائی اور ثانوی تعلیم جلگاؤں شہر کی معروف سینٹ ٹریسا انگلش میڈیم ہائی اسکول، جلگاؤں میں ہوئی۔ زمانۂ طالب علمی سے ہی وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی سرگرم رہے ہیں اور مختلف سرگرمیوں میں نمایاں حصہ لیتے رہے ہیں۔
عمیر ایک ریاستی سطح کے بیڈمنٹن کھلاڑی ہیں اور انہوں نے تعلیم اور کھیل کے درمیان بہترین توازن قائم رکھتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ طبی تعلیم کا سفر اگرچہ نہایت دشوار اور چیلنجز سے بھرپور ہوتا ہے، تاہم اپنی محنت، لگن اور مستقل مزاجی کے بل بوتے پر انہوں نے یہ کامیاب کارنامہ انجام دیا۔ ڈاکٹر عمیر نے اپنے آئندہ اعلیٰ طبی تعلیمی سفر میں مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔
انہوں نے اپنی اس کامیابی کا سہرا اپنے والد ریاض سلیم دیش پانڈے (مالک، دیشپانڈے میڈیکل,شاہو نگر) اور والدہ ڈاکٹر فرحانہ یاسمین دیش پانڈے کو دیا اور ان کی رہنمائی، حوصلہ افزائی اور بھرپور تعاون کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ اس کے علاوہ ایم بی بی ایس کی تعلیم کے دوران ڈاکٹر احتشام دیشمکھ اور ڈاکٹر شعیب دیشمکھ (آکولہ) کی قیمتی رہنمائی سے بھی استفادہ حاصل ہونے کا انہوں نے اعتراف کیا۔
ڈاکٹر عمیر، پروفیسر ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ (چیئرپرسن، بورڈ آف اسٹڈیز اردو، سنت گاڑگے بابا امراؤتی یونیورسٹی، امراؤتی، و صدر شعبۂ اردو، جی ایس کالج، کھام گاؤں، ضلع بلڈانہ) کے بھانجے ہیں۔ڈاکٹر عمیر دیش پانڈے کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرنے والوں میں دادا سلیم دیش پانڈے، نانا پروفیسر ڈاکٹر محمد طالب دیشمکھ
ماموں پروفیسر ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ، پروفیسر ڈاکٹر محمد عاقب دیشمکھ، نانی حاجن فہمیدہ ظہور حسن دیشمکھ، ڈاکٹر احتشام دیشمکھ، محمد ارشد دیشمکھ، ڈاکٹر شعیب دیشمکھ، ڈاکٹر پرویز دیش پانڈے، ڈاکٹر معیز دیش پانڈے، رمیز دیش پانڈے، عبدالناصر دیشمکھ، ایڈوکیٹ عبدالوہاب دیشمکھ، ڈاکٹر بتول دیش پانڈے اور اسماء شاہین دیشمکھ وغیرہ شامل ہیں۔
تمام احباب، رشتہ داروں اور معززین نے انہیں اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن اور تابناک مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔طبی میدان میں حاصل کی گئی اس نمایاں کامیابی کے باعث ڈاکٹر عمیر دیشپانڈے پر ہر جانب سے مبارکبادوں کی بارش ہو رہی ہے
اور ان کے روشن مستقبل اور کامیاب پیشہ ورانہ سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
