
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی اخبار آئرش اسٹار نے ایک رپورٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی مری ٹرمپ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی صدر کی ذہنی صحت کے بارے میں سنجیدہ خدشات پائے جاتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مری ٹرمپ ایک مصنفہ اور ماہر نفسیات ہیں، ان کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ میں علمی صلاحیتوں کے زوال کی علامات واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے ان کا موازنہ اپنے والد سے کیا جو الزائمر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال کر گئے تھے۔
مری ٹرمپ نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ علمی جائزوں کے بعد بھی صدر ٹرمپ میں واضح اور سنگین ذہنی تنزلی کے آثار نمایاں ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکی صدر نہ صرف واقعات اور بیانیے پر اپنی گرفت برقرار رکھنے میں دشواری محسوس کر رہے ہیں بلکہ بتدریج اپنے جسمانی افعال پر کنٹرول بھی کھوتے جا رہے ہیں۔
ماہر نفسیات ہونے کے ناطے مری ٹرمپ نے مزید کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ طویل عرصے سے بعض ایسے نفسیاتی مسائل کا شکار ہیں جن کی نہ کبھی باقاعدہ تشخیص ہوئی اور نہ ہی ان کا مناسب علاج کیا گیا۔ ان کے بقول یہ مسائل اس وقت سے موجود ہیں جب وہ پہلی مرتبہ وائٹ ہاؤس میں صدر کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان ذہنی اور نفسیاتی مشکلات کے باعث صدر کے لیے اپنی ذہنی اور جسمانی توازن برقرار رکھنا دن بہ دن زیادہ دشوار ہوتا جا رہا ہے۔
مری ٹرمپ کے مطابق اب تو صدر کے قریبی حامیوں اور خوشامدی حلقوں کے لیے بھی یہ تاثر برقرار رکھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے کہ سب کچھ معمول کے مطابق ہے اور کسی قسم کا مسئلہ موجود نہیں۔
