
مکتھل: 12 جون (اردو لیکس) ایم پی پی ایس جی پی ایس ایل بی مکتھل (MPPS GPS LB MAKTHAL) میں تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر “بڑی باٹا” (اسکول داخلہ مہم) پروگرام کا شاندار آغاز کیا گیا۔ اس مہم کا مقصد سرکاری اسکولوں میں داخلوں کو بڑھانا اور خاص طور پر اردو میڈیم کی تعلیم کو فروغ دینا ہے
۔ اس سلسلے میں اسکول کی صدر معلمہ حلیمہ بیگم کی قیادت میں اساتذہ کی ایک خصوصی ٹیم نے مقامی بستیوں کا دورہ کیا۔ اس مہم میں اسکول کے اساتذہ عبدالکریم، محمد نظام الدین، فاطمہ بیگم، اور عارف النساء نے سرگرمی سے حصہ لیا۔
اساتذہ نے گھر گھر جا کر (Door to Door Canvassing) اولیاءِ طلبہ سے ملاقاتیں کیں اور انہیں سرکاری اسکولوں میں ملنے والی سہولیات، مفت نصابی کتب، یونیفارم اور معیاری تعلیم کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ صدر معلمہ حلیمہ بیگم نے سرپرستوں کو راغب کرتے ہوئے کہا کہ اردو میڈیم کے تحفظ اور اسکول کی ترقی کے لیے عوامی تعاون بے حد ضروری ہے، اس لیے وہ اپنے بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں کے بجائے سرکاری اردو میڈیم اسکول میں داخل کروائیں۔
اساتذہ کی اس مخلصانہ کوشش اور گھر گھر مہم کو مقامی لوگوں نے کافی سراہا اور کئی والدین نے اپنے بچوں کو اسکول میں داخل کروانے کا یقین دلایا۔
