عمان کے ساحل کے قریب تجارتی ٹینکر ’سیٹے بیلو‘ پر حملے کے بعد ہندوستان نے نئی دہلی میں امریکہ کے ناظم الامور (چارج ڈی افیئرس) کو طلب کر کے سخت احتجاج درج کرایا ہے۔ اس حملے میں جہاز پر موجود 24 ہندوستانی عملے کے ارکان میں سے 21 کو بحفاظت بچا لیا گیا، جبکہ 3 ہندوستانی اب بھی لاپتا ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق جہاز پر کل 28 افراد سوار تھے، جن میں 24 ہندوستانی شامل تھے۔ وزارت نے کہا کہ عمان میں ہندوستانی سفارت خانہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر تلاش اور بچاؤ کی کارروائیوں کی نگرانی کر رہا ہے۔
