
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے جوہری بجلی گھر بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ نے 80 ارب کلو واٹ گھنٹے بجلی پیدا کرنے کا اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جسے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ایران کی ایٹمی توانائی ایجنسی ایران کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا کہ یہ ہدف بیرونی دباؤ، دھمکیوں اور خطے کی پیچیدہ صورتحال کے باوجود حاصل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 80 ارب کلو واٹ گھنٹے جوہری بجلی کی پیداوار کے نتیجے میں 13 کروڑ 10 لاکھ بیرل خام تیل یا 21 ارب 30 کروڑ مکعب میٹر قدرتی گیس کے مساوی ایندھن کی بچت ہوئی ہے۔
محمد اسلامی کے مطابق بوشہر جوہری بجلی گھر نے اپنے پورے دور فعالیت میں محفوظ، مستحکم اور مسلسل انداز میں کام جاری رکھا ہے اور بجلی کی پیداوار میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہیں ہونے دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس پلانٹ کی بدولت گزشتہ برسوں کے دوران تقریباً 8 کروڑ 63 لاکھ ٹن ماحولیاتی آلودگی کے اخراج کو روکا گیا، جو ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے ایک اہم کامیابی ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ ملک کے بجلی کے نظام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور یہ کامیابی ایران کی سائنسی خودکفالت، تکنیکی صلاحیت اور استقامت کی علامت ہے۔
رپورٹ کے مطابق مارچ میں ایران کے خلاف ہونے والی حالیہ کشیدگی کے دوران امریکہ اور اسرائیل نے متعدد بار اس جوہری تنصیب کے اطراف کے علاقوں کو نشانہ بنایا تھا، جس کے باعث شہری جوہری تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے خدشات پیدا ہوئے تھے۔ تاہم پلانٹ نے بین الاقوامی حفاظتی معیاروں کی مکمل پابندی کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں اور بجلی کی پیداوار بلا تعطل جاری رکھی۔
