ملک اور انقلابِ اسلامی کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ایرانی مسلح افواج کا عزم

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی مسلح افواج اور مرکزی خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر نے بانیٔ انقلاب اسلامی امام خمینی کی برسی اور قیام 15 خرداد کی مناسبت سے جاری مشترکہ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج ملک، قوم اور انقلاب اسلامی کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔

بیان میں امام خمینیؒ، رہبرِ انقلاب اور شہدائے انقلابِ اسلامی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ امام خمینیؒ کی رحلت، قیامِ 15 خرداد اور عیدِ غدیر خم کا ساتھ آنا امامت اور ولایتِ فقیہ کے ناقابلِ انکار رشتے کی یاد تازہ کرتا ہے، جو اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کی بنیادی اساس ہے۔

بیان کے مطابق 15 خرداد کا تاریخی قیام اسی تحریک کا نقطۂ آغاز تھا جس نے انقلابِ اسلامی کی کامیابی کی راہ ہموار کی۔ اس تحریک نے ایرانی قوم کو آزادی، خودمختاری اور استقامت کا راستہ دکھایا، جس پر آج بھی قوم ثابت قدمی سے گامزن ہے۔

مسلح افواج نے کہا کہ حالیہ عرصے میں امریکہ اور صہیونی حکومت کی جانب سے اختیار کی جانے والی جارحانہ پالیسیوں نے ایک بار پھر انسانی حقوق کے دعویداروں کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔ بیان میں ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والی انسانی جانوں کے ضیاع اور معصوم شہریوں کی شہادتوں کی شدید مذمت کی گئی۔

بیان میں زور دیا گیا کہ ایرانی قوم دھمکیوں، دباؤ اور جارحیت کے سامنے کبھی سر تسلیم خم نہیں کرے گی بلکہ اتحاد، ایمان اور بصیرت کے ساتھ عزت و سربلندی کے راستے پر مزید استقامت سے آگے بڑھے گی۔

ستادِ کل مسلح افواج اور قرارگاہ مرکزی خاتم الانبیاءؐ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایرانی مسلح افواج، رہبر انقلاب کی قیادت میں، ملک کی خودمختاری، قومی سلامتی اور انقلابِ اسلامی کے اعلیٰ مقاصد کے تحفظ کے لیے پوری قوت کے ساتھ میدان میں موجود رہیں گی اور دشمن کو اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔

بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج کے عزم، بیداری اور استقامت کے سامنے امریکہ اور صہیونی حکومت سمیت تمام دشمن عناصر کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *