ایشیائی چیمپئن شپ میں کامیابی، صدر پزشکیان کی قومی کشتی ٹیم کو مبارکباد

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ویتنام میں منعقدہ ایشیائی نوجوان فری اسٹائل کشتی چیمپئن شپ میں ایران کی قومی ٹیم کی فتح پر مبارکباد کا پیغام جاری کیا ہے۔

صدر نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایشیائی کشتی مقابلوں میں ایرانی نوجوانوں کی امید افزا اور شاندار کارکردگی اور چیمپئن شپ کا اعزاز حاصل کرنا ملک کے کھیلوں کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نوجوانوں کی یونانی رومی کشتی میں ایشیائی چیمپئن شپ کے تسلسل میں حاصل ہوئی ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ایران کی مستقبل ساز نسل مختلف کھیلوں کے میدانوں میں کامیابیاں سمیٹنے اور ایران کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت اور اہلیت رکھتی ہے۔

صدر پزشکیان نے اس کامیابی پر ایرانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی بلند ہمتی، ان کے اہل خانہ کی حمایت و حوصلہ افزائی، اور کوچز و تکنیکی عملے کی انتھک محنت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ کوچز اور تربیتی عملے نے عزم اور امید کے ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں کامیابی کے راستے پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

صدر نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالی ایران کے تمام نوجوانوں کو مزید کامیابیاں، صحت اور سربلندی عطا فرمائے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *