
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی پارلیمان نے اعلان کیا ہے کہ نامزد وزیراعظم علی الزیدی کی نئی کابینہ اور حکومتی پروگرام پر اعتماد کے ووٹ کے لیے اہم اجلاس کل جمعرات کو منعقد ہوگا۔
عراقی خبر رساں ایجنسی واع کے مطابق پارلیمانی اجلاس شام 4 بجے شروع ہوگا اور اس کا واحد ایجنڈا نئی حکومت کے پروگرام اور کابینہ کو اعتماد کا ووٹ دینا ہوگا۔
دوسری جانب ایک باخبر عراقی سیاسی ذریعے نے الفرات نیوز کو بتایا کہ نئی کابینہ کل پارلیمان میں پیش کی جائے گی اور مختلف وزارتوں کے لیے متعدد نام زیر غور ہیں۔
ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ کابینہ کے زیادہ تر نامزد وزرا پارلیمان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیں گے۔
اطلاعات کے مطابق وزارت تیل کے لیے عراق کی سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنی سومو کے سربراہ علی نزار کا نام سامنے آیا ہے، جبکہ وزارت صنعت کے لیے حزب تقدم سے تعلق رکھنے والے محمد نوری مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔
وزارت تجارت کے لیے اتحاد السیادہ کے اثیر الغریری کا نام لیا جا رہا ہے، جبکہ وزارت خارجہ کے لیے کرد ڈیموکریٹک پارٹی کے ریبر احمد امیدوار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق خالد شوانی بدستور وزارت انصاف کے منصب پر برقرار رہ سکتے ہیں، جبکہ وزارت تعمیر و رہائش نوزاد ہادی کو دیے جانے کا امکان ہے، جو بنکین ریکانی کی جگہ لیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ کے لیے حکمت تحریک کے فالح الساری کا نام زیر غور ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزارت داخلہ کے معاملے پر اب بھی اختلافات موجود ہیں۔ یہ وزارت اتحاد دولت قانون کے حصے میں آتی ہے اور اس کے لیے یاسر المالکی اور قاسم عطا کے نام نمایاں طور پر سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نائب وزرائے اعظم کے لیے حزب تقدم کے محمد تمیم، اتحاد اساس کے محسن المندلاوی اور کرد ڈیموکریٹک پارٹی کے فؤاد حسین کے نام زیر غور ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ بعض دیگر وزارتوں کے بارے میں حتمی فیصلہ عید قربان کی تعطیلات کے بعد کیا جائے گا، کیونکہ بعض امیدواروں پر سیاسی حلقوں میں تحفظات پائے جاتے ہیں۔
