
تلنگانہ کے کریم نگر تشہر میں واقع پی ایم جی جیولری شاپ میں ہونے والی ڈکیتی کے واقعے ممیں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل 5 نامعلوم افراد نے جیولری شاپ میں گھس کر فائرنگ کرتے ہوئے بڑی مقدار میں سونا اور قیمتی زیورات لے کر فرار ہوگئے تھے۔ جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔
ابتدائی مرحلے میں پولیس کے لئے لیے یہ کیس ایک بڑا چیلنج بن گیا تھا تاہم جدید تکنیکی شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج اور مختلف مقامات کی جانچ کے ذریعے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا۔ تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمین واردات کے بعد ریاست سے باہر فرار ہوگئے تھے اور ان کے مغربی بنگال میں موجود ہونے کے شواہد ملے۔
ان معلومات کی بنیاد پر کریم نگر پولیس کی خصوصی ٹیمیں فوری طور پر مغربی بنگال پہنچیں اور ایک کامیاب کارروائی کے دوران ایک اہم ملزم کو گرفتار کرنے کی اطلاع ہے ۔ ابتدائی پوچھ تاچھ میں گرفتار ملزم نے انکشاف کیا ہے کہ چوری کیا گیا سونا پہلے ہی مغربی بنگال کے مختلف علاقوں میں فروخت کیا جا چکا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق اس واردات میں کسی منظم بین الریاستی گروہ کے ملوث ہونے کا قوی امکان ہے۔ گرفتار ملزم سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر دیگر فرار ملزمین کی تلاش کے لئے چھاپہ مار کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں اور جلد مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔

