
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ نے کہا ہے کہ صہیونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی کے بعد مقاومت نے صہیونی فوج کے ٹھکانوں پر متعدد حملے کیے ہیں۔
تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کارروائیاں لبنان اور اس کے عوام کے دفاع، اسرائیلی حملوں، شہری آبادی کو نشانہ بنانے اور گھروں کی تباہی کے ردعمل میں انجام دی گئیں۔
بیان کے مطابق القنطرہ، البیاضہ، الطیبہ، عیتا الشعب، رشاف اور الناقورہ کے علاقوں میں اسرائیلی فوجیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ القوزح، دیر سریان، حولا اور الخیام میں کئی فوجی گاڑیاں، بکتر بند گاڑیاں، ڈی 9 فوجی بلڈوزر اور فوجی گاڑیوں پر حملے کیے گئے۔
حزب اللہ نے مزید بتایا کہ القنطرہ میں قائم ایک نئے کمانڈ سینٹر اور البیاضہ میں موجود فنی آلات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق ان کارروائیوں میں اسرائیلی فوج کو جانی و مالی نقصان پہنچا اور ایک فوجی گاڑی میں آگ بھی لگ گئی۔
مزاحمتی تنظیم کے مطابق زخمی اسرائیلی اہلکاروں کو منتقل کرنے کے لیے ایک فوجی ہیلی کاپٹر علاقے میں پہنچا، تاہم امدادی ٹیموں کو بھی توپ خانے سے نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ لبنان کی سرزمین اور عوام کے دفاع اور اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے عزم پر قائم ہے۔
