5 چینی کمپنیوں پر امریکی پابندیاں مسترد، چین کا سخت ردعمل

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چین کی وزارت تجارت نے ہفتے کے روز ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس کے تحت امریکہ کی جانب سے 5 چینی کمپنیوں پر عائد پابندیوں کو تسلیم کرنا، ان پر عملدرآمد کرنا یا ان کی پیروی کرنا ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔

یہ پابندیاں ان کمپنیوں پر ایران کے تیل سے متعلق لین دین میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں عائد کی گئی تھیں۔

چینی وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان پانچ اداروں میں ہنگلی پیٹروکیمیکل ریفائنری (دالیان)، شاندونگ جن چینگ پیٹروکیمیکل گروپ، ہیبی شنگھائی کیمیکل گروپ، شوگوانگ لوکنگ پیٹروکیمیکل اور شاندونگ شینگ شنگ کیمیکل کمپنی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق، چین کی وزارت تجارت نے واضح کیا ہے کہ ان پانچ ریفائنریز کے خلاف امریکی پابندیوں کے نفاذ کو روکنے کے لیے یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔

وزارت نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی یہ پابندیاں بین الاقوامی قوانین اور عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بیجنگ ان پابندیوں کو تسلیم نہیں کرتا، نہ ہی ان پر عملدرآمد کرے گا اور نہ ہی ان کی پیروی کی جائے گی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *