برقعہ پوش خاتون سے چھیڑ چھاڑ کا ملزم پولیس انکاؤنٹر میں زخمی، سی سی ٹی وی نے کھول دی پول — پانچ ٹیمیں لگا کر کیا گیا گرفتار

لکھنو -3 مئی ( اردو لیکس ڈیسک) اتر پردیش کے مرادآباد میں برقعہ پوش خاتون سے سنسان گلی میں مبینہ چھیڑخانی کرنے والے 45 سالہ ملزم نو شاد کو پولیس نے انکاؤنٹر کے بعد گرفتار کر لیا۔ پولیس کارروائی کے دوران ملزم کی بائیں ٹانگ میں گولی لگی ہے۔ واقعہ جمعرات رات تقریباً 11 بجے اس وقت پیش آیا جب پولیس نے اسے گھیرنے کی کوشش کی تو اس نے فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس کی فائرنگ سے وہ زخمی ہو کر گر پڑا۔

 

فی الحال ملزم کا علاج ضلعی ہاسپٹل میں جاری ہے۔ یہ انکاؤنٹر شہر کی جامع مسجد کے قریب ہوا۔ پولیس کے مطابق نو شاد لیڈیز ٹیلر ہے اور غیر شادی شدہ ہے۔ اس نے 29 اپریل کو ایک خاتون کے ساتھ چھیڑخانی کی تھی، تاہم خاتون کے مزاحمت کرنے پر وہ موقع سے فرار ہو گیا تھا۔

 

جمعرات کو واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس نے اس کی شناخت کی اور پانچ ٹیمیں اس کی تلاش میں لگائی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی کئی خواتین کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کر چکا ہے، تاہم کسی نے پہلے شکایت درج نہیں کرائی تھی۔

 

پولیس کے مطابق چہارشنبہ کو وہ موقع واردات کے بعد چھپنے کی کوشش کر رہا تھا۔ جمعرات رات تقریباً 10 بجے اطلاع ملی کہ وہ رام گنگا ندی کے قریب جامع مسجد کے پاس موجود ہے۔ پولیس نے علاقے کو گھیر لیا اور اسے ہتھیار ڈالنے کا کہا، لیکن اس نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہو گیا۔

 

پولیس نے اس کے قبضے سے ایک دیسی پستول اور تین کارتوس برآمد کیے ہیں۔ پولیس نے متاثرہ خاتون کو بھی تلاش کر لیا ہے اور اس کی شکایت پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

 

متاثرہ خاتون کے مطابق وہ اپنے کام سے جا رہی تھی جب ملزم نے اس کے ساتھ چھیڑخانی کی۔ اس کے چیخنے پر وہ فرار ہو گیا تھا۔ سی سی ٹی وی میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم خاتون کے پیچھے چلتا ہے، اچانک اسے پکڑ کر نازیبا حرکت کرتا ہے اور خاتون کے چیخنے پر موقع سے بھاگ جاتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *