مغربی بنگال میں اس بار 2 مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس بار مجموعی طور پر 92.47 فیصد ووٹنگ ہوئی، جسے اب تک کی سب سے زیادہ شرح قرار دیا جا رہا ہے۔


i
مغربی بنگال میں دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران بے ضابطگیوں کی شکایت موصول ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے بڑا فیصلہ لیا ہے۔ ڈائمنڈ ہاربر اور مگراہاٹ مغربی اسمبلی حلقوں کے کل 15 پولنگ مراکز پر دوبارہ ووٹنگ کرائی جا رہی ہے۔ پہلے جاری حکم میں کمیشن نے واضح کر دیا تھا کہ مگراہاٹ مغربی اور ڈائمنڈ ہاربر کے 4 بوتھوں پر دوبارہ ووٹنگ ہوگی۔
واضح رہے کہ ریاست کے چیف الیکشن آفیسر نے بتایا کہ 29 اپریل کو ہونے والی ووٹنگ کے دوران کچھ رپورٹس سامنے آئی تھیں جن میں بے ضابطگیوں کی بات کہی گئی تھی۔ ریٹرننگ آفیسر اور مبصر کی رپورٹ کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے ’ری پریزنٹیشن آف پیپل ایکٹ 1951‘ کے تحت ان بوتھوں پر ہونے والی ووٹنگ کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔ اب 2 مئی یعنی آج ان تمام 15 بوتھوں پر دوبارہ پولنگ کرائی جا رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ان تمام 15 پولنگ مراکز پر ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہو چکی ہے، جو شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا ہے کہ اس دوبارہ پولنگ کی معلومات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچائی جائیں۔ اس مقصد کے لیے علاقے میں ڈھول بجا کر اعلان کرنے اور تمام امیدواروں کو تحریری طور پر مطلع کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ مگراہاٹ مغربی کے جن بوتھوں پر دوبارہ ووٹنگ ہو رہی ہے، ان میں اتر یرپور ایف پی اسکول، نازرا ایف پی اسکول کے مختلف کمرے، دیولا ایف پی اسکول، گھولا نوئپارہ گرلز ہائی مدرسہ، ایکتارا ملایا ایف پی اسکول اور بہیرپویا کُرکریہ ایف پی اسکول کے کئی کمرے شامل ہیں۔ وہیں ڈائمنڈ ہاربر میں باگدا جونیئر ہائی اسکول، چندرا ایف پی اسکول، ہری دیو پور ایف پی اسکول اور رائے نگر ایف پی اسکول کے ایک ایک کمرے میں دوبارہ پولنگ کرائی جا رہی ہے۔
مغربی بنگال میں اس بار 2 مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس بار مجموعی طور پر 92.47 فیصد ووٹنگ ہوئی، جسے اب تک کی سب سے زیادہ شرح قرار دیا جا رہا ہے۔ اب ان انتخابات کے نتائج کا اعلان 4 مئی کو کیا جائے گا۔ انتخابات کے بعد کسی بھی قسم کے تشدد کو روکنے کے لیے انتظامیہ مکمل طور پر مستعد ہے۔ کولکاتہ پولیس نے ان 7 مقامات پر لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی ہے جہاں ووٹوں کی گنتی ہونی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
