
ریاض ۔ کے این واصف
سعودی وزارتِ داخلہ نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ تمام وزِٹ ویزے ان کی اقسام یا نام کچھ بھی ہوں، فریضہ حج کی اجازت نہیں دیتے۔سعودی پریس ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا کہ حج کے لیے سرکاری حج پرمٹ حاصل کرنا ایک بنیادی شرط ہے۔
وزارت نے تمام افراد پر زور دیا کہ وہ اس سال حج سیزن 2026 کے ضوابط پر عمل کریں۔ عازمین کی سیفٹی اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام سے تعاون کریں۔وزارت نے انتباہ کیا کہ ضوابط کی خلاف ورزی پر قانونی سزاوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اس سے قبل وزارتِ داخلہ نے حج پرمٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے 20 ہزار ریال سے ایک لاکھ ریال تک جرمانے اور سخت سزاوں کا اعلان کیا تھا۔وزارت داخلہ کا کہنا ہے ’پرمٹ کے بغیر ممنوعہ مدت میں مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے یا وزٹ ویزے پرمملکت میں مقیم کسی بھی غیرملکی
کو مکہ لے جانے یا ایسے افراد کو رہائش یا ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کرنا سنگین خلاف ورزی شمار کی جائے گی۔وزارت کے مطابق شہر مکہ میں داخلے کے لیے پرمٹ کے لزوم کا مقصد مقدس شہر میں دیگر ممالک آنے والے لاکھوں عازمین حج کو سہولت پہنچانا ہے
تاکہ وہ آرام و سکون سے فریضہ حج ادا کرسکین اور ان کی عبادتوں میں خشوع و خضوع برقرار رہے۔
