
جگتیال میں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) یونٹ کے زیرِ اہتمام جامع مسجد جگتیال میں “اللہ کا رنگ اختیار کرو” کے عنوان سے ایک بامقصد خطابِ عام منعقد کیا گیا، جو نمازِ مغرب کے بعد عمل میں آیا۔ اس روحانی و فکری نشست میں آل انڈیا صدر ایس آئی او برادر عبدالحفیظ اور صدر حلقہ ایس آئی او برادر فراز احمد نے مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی، جبکہ بڑی تعداد میں طلبہ و نوجوان شریک ہوئے۔
پروگرام کا آغاز امام و خطیب مسجد فاران مولانا منہاج الحق فلاحی کے درسِ قرآن سے ہوا، جس میں انہوں نے قرآن کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد یونٹ صدر ایس آئی او جگتیال سیف الدین نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور مقامی یونٹ کی سرگرمیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ نقیب الحق یاسر نے نعتِ شریف پیش کی، جبکہ فواز احمد خان نے تنظیمی ترانہ سنا کر محفل کو روح پرور بنا دیا۔
صدر حلقہ ایس آئی او برادر فراز احمد نے اپنے خطاب میں قرآن مجید کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کو دنیا میں بہترین گروہ اس لیے بنایا گیا ہے کہ وہ انسانیت کی رہنمائی کرے، نیکی کا حکم دے اور برائی سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معاشرے میں بے حیائی، ظلم اور ناانصافی عام ہو چکی ہے، جس کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ ایک صالح اور منظم اجتماعیت سے وابستہ ہوں اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی مثبت تنظیموں سے جوڑیں تاکہ ان کی دنیا و آخرت سنور سکے۔
آل انڈیا صدر ایس آئی او برادر عبدالحفیظ نے اپنے خطاب میں “اللہ کا رنگ اختیار کرو” کے مفہوم کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی زندگی میں خالص اللہ کی بندگی اختیار کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ اور ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، اور اگر یہی طبقہ بگڑ جائے تو قومیں زوال کا شکار ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ بری عادات سے دور رہیں، اپنے کردار کو سنواریں اور معاشرے میں تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں عصری علوم و ٹکنالوجی لے کر آگے بڑھیں۔ ساتھ ہی شادی بیاہ میں فضول خرچی سے بچنے اور اس رقم کو تعلیم پر خرچ کرنے کی تلقین کی۔
پروگرام کی نظامت ایس آئی او کے رکن محمد سہیل نے انجام دی جبکہ آخر میں عبداللہ منیر نے کلماتِ تشکر ادا کئے۔
قبل ازیں آل انڈیا صدر ایس آئی او اور صدر حلقہ ایس آئی او کی دفتر جماعت اسلامی آمد پر ایس آئی او کے کارکنان خطیب الحق، اویس، شاداب، عبدالہادی، فواز احمد خان اور دیگر نوجوانوں نے اسلامی نعروں کے ساتھ پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر ناظم ضلع جماعت اسلامی جگتیال محمد نعیم الدین، امیر مقامی جماعت اسلامی جگتیال شعیب الحق طالب، امیر مقامی جماعت اسلامی کورٹلہ الیاس احمد خان، امیر مقامی جماعت اسلامی رائکل شمشیر الحق، سابق ناظم ضلع جماعت اسلامی شیخ اسحاق علی کے علاوہ اراکین جماعت اسلامی سید سمیع الرحمن، صلاح الدین، عبد القدیر، محمد ظہیر الدین، عماد الدین عمیر اور عارف خان بھی موجود تھے۔ تمام ذمہ داران نے مہمانوں کی شال پوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔

