ایرانی وزیر خارجہ عراقچی اور لبنانی اسپیکر نبیہ بری کی ٹیلیفونک گفتگو

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور لبنان میں جاری حالات پر گفتگو کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے صہیونی حکومت کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں ہزاروں لبنانی شہری شہید اور زخمی ہوئے، رہائشی علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے۔

سید عباس عراقچی نے اس موقع پر لبنانی اسپیکر کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکراتی عمل سے بھی آگاہ کیا اور دونوں ممالک سے متعلق مشترکہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔

دوسری جانب لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے صہیونی حکومت کی جانب سے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور زور دیا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ غاصب صیہونی حکومت پر دباؤ بڑھائے اور اسے اس کے اقدامات پر جوابدہ بنانے کے لیے ضروری عملی اقدامات کرے۔

نبیہ بری نے لبنان کے حق بجانب مؤقف کی حمایت میں ایران کی کوششوں کو سراہتے ہوئے شکریہ بھی ادا کیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *