تہران: ایران کی اعلیٰ قیادت نے امریکی انتظامیہ کی بحری ناکہ بندی حکمت عملی کو ناکام اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ تو ایران پر کوئی حقیقی دباؤ بڑھے گا اور نہ ہی خطے میں استحکام آئے گا، بلکہ خلیج کے علاقے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی نوعیت کی سمندری ناکہ بندی بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے اور اس کا انجام ناکامی کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے بجائے حالات کو مزید پیچیدہ بناتے ہیں اور پائیدار امن کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرتے ہیں۔
