ایم ا یس کےایس ایس سی ٹاپرس کی تہنیتی تقریب ، ٹاپرعائشہ منیبہ کو غلام رسول خان ایوارڈ دینےکا اعلان 

حیدرآباد،30اپریل( پریس ریلیز)ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے ایس ایس سی امتحانات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے مثال قائم کرنے والی ایس ایس سی ٹاپر عائشہ منیبہ کو غلام رسول خان ایوارڈ اور 25ہزار روپئے انعام دینے کا اعلان کیاہے، عائشہ منیبہ نے 600 میں سے 591 مارکس حاصل کئے ۔ یہ اعلان ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے زیراہتمام ایس ایس سی2026 SSC کے کامیاب طلبہ کے لیے ایک پروقار تہنیتی تقریب کے دوران کیاگیا۔ اس موقع پران کے والدین اور اساتذہ کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

 

غلام رسول خان ایوارڈ کے اعلان پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے عائشہ منیبہ نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی پر سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کی شکر گزار ہیں، جس نے انہیں اس سفر میں رہنمائی عطا فرمائی۔ انہوں نے والدین، اساتذہ اور ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 600 میں سے 591 نشانات حاصل کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی وائس چیئرپرسن نزہت خان نے ایس ایس سی میں 1340 طلبہ کی ریکارڈکامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایم ایس کا اصل طرہ امتیاز صرف مارکس یا نشانات نہیں، بلکہ وہ تربیت ہے

 

جس کی بدولت طالبات یہ کہتی ہیں کہ دس سالہ تعلیمی سفر کا سب سے بڑا سبق “اللہ کو راضی کرنا” ہے۔مینجنگ ڈائریکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی جناب انور احمد نے ریکارڈ ساز نتائج کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 550 سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 125 ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا والدین کی دعاؤں، اساتذہ کی محنت اور کیڈٹیم کی خاموش محنت کے سر باندھا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ 580 سے زائد نشانات لانے والے 17 طلبہ کو انٹر میڈیٹ میں داخلہ پر اسکالرشپس اور فیس میں رعایت دی جائے گی۔ مجموعی طور پر ٹاپ کرنے والی طالبہ عائشہ منبیہ کو “غلام رسول خان ایوارڈ” اور 25,000 روپے کے انعام سے نوازا جائے گا۔

 

اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کےبانی و چیئرمین محمدلطیف خان نے مدینہ منورہ سے اپنا تہنیتی پیغام بھیجا، جسے نزہت خان نے پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتائج محض اعداد و شمار نہیں بلکہ ادارے کے خلوص اور متحد وژن کا ثمر ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کو سچے معمارِ قوم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر کمزور طالب علم پر صرف کیا گیا اضافی وقت آج اس تاریخی فتح کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ انہوں نے ٹیم کو چیلنج کیا کہ وہ ان نتائج پر مطمئن ہو کر نہ رکیں، بلکہ اسے مستقبل کی بڑی منزلوں کے لیے سنگِ بنیاد بنائیں۔

 

اس تقریب سے محمد معظم حسین ڈائریکٹر نے بھی خطاب کیا ۔ معظم حسین نے بتایا کہ امسال کے نتائج گزشتہ برس کے تمام ریکارڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ معظم حسین نے کہا اعداد و شمار کا تجزیہ ظاہر کرتا ہے کہ اکیڈ یمی نے معیار اور مقدار دونوں میں نئے افق کو چھوا ہے۔ جہاں گذشتہ سال 580 سے زائد نشانات حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد محض 7 تھی، وہیں امسال یہ تعداد نمایاں اضافے کے ساتھ 17 تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح 570 سے زائد نشانات لانے والے ہونہاروں کی تعداد 22 سے بڑھ کر 49 ہو گئی ہے۔ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے مجموعی تعلیمی معیار میں غیر معمولی بہتری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے

 

کہ 550 سے زائد نشانات حاصل کرنے والے طلبہ کی تعداد 158 تک جا پہنچی ہے، جبکہ 1340طلبہ نے ایس ایس سی میں کامیابی حاصل کر کے نہ صرف ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کا نام روشن کیا بلکہ اپنے روشن مستقبل کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیاہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *