[]
حیدرآباد: چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سیکولرازم کے جذبے کی پاسداری کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ تلنگانہ سکریٹریٹ میں زیرتعمیر تین مذاہب کی عبادت گاہوں کا ایک ہی دن افتتاح انجام دیا جائے۔
انہوں نے ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ سکریٹریٹ میں تینوں عبادت گاہوں نلا پوچما مندر، ایک مسجد اور ایک گرجا گھر کو مساوی اہمیت دیتے ہوئے 25 اگست کو ان کا افتتاح انجام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ تینوں عبادت گاہوں کو سیکرٹریٹ کی نئی عمارت کے ساتھ تعمیر کیا گیا ہے کیونکہ پرانے سکریٹریٹ کمپلیکس میں موجود مندر اور مسجد کو ڈھادیا گیا تھا۔
تینوں عبادت گاہوں کے افتتاح کے لئے تاریخ مقرر کرنے متعلقہ مذاہب کے رہنماؤں سے مشورہ بھی کیا گیا جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر 25 اگست کو ہندو روایات کے پروٹوکول اور رسومات پر عمل کرتے ہوئے مندر کا افتتاح کریں گے۔ اس دوران پجاریوں کی موجودگی میں مندر میں نلا پوچما کی مورتی نصب کی جائے گی۔
اسی روز وزیراعلیٰ عقائد کی روایات پر عمل کرتے ہوئے مذہبی سربراہان کی موجودگی میں مسجد اور چرچ کا بھی افتتاح انجام دیں گے۔ یہ تینوں عبادت گاہیں، سیکرٹریٹ ملازمین کے لئے عبادت کی خاطر تعمیر کی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے منگل کے دن اپنے کابینی رفقا، چیف سیکرٹری اور سینئر حکام کے ساتھ سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں ان عبادت گاہوں کے افتتاح کی تاریخ کو قطعیت دی۔