
جگتیال: بی آر ایس سربراہ چندرشیکھر راو نے کہا ہے کہ سینئر لیڈر جیون ریڈی کی پارٹی میں شمولیت سے بی آر ایس کو نئی طاقت ملے گی۔ جگتیال میں منعقدہ “پرجا آشیرواد سبھا” کے دوران جیون ریڈی کو گلابی کینڈوا پہنا کر باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل کیا گیا، جبکہ کے سی آر نے انہیں پارٹی کا جنرل سکریٹری مقرر کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اپنے خطاب میں کے سی آر نے کہا کہ جیون ریڈی نہ صرف جگتیال بلکہ سابقہ کریم نگر، عادل آباد اور نظام آباد اضلاع میں بھی پارٹی کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی آر ایس ایک بار پھر اقتدار میں ضرور آئے گی اور جیون ریڈی کو مستقبل میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کے درمیان گزشتہ 45 برس سے دوستی ہے، اگرچہ سیاسی نظریات مختلف ہونے کے باعث الگ الگ کام کیا، مگر تعلقات ہمیشہ مضبوط رہے۔
کے سی آر نے جیون ریڈی کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بااصول اور عوامی قائد ہیں جنہوں نے ہر عہدے پر رہتے ہوئے علاقے کی ترقی کو ترجیح دی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اپنے دورِ حکومت میں جیون ریڈی کے مطالبے پر گوداوری ندی پر پل کی تعمیر کے لیے 70 کروڑ روپے منظور کئے گئے تھے۔ جیون ریڈی کی مختلف خدمات سے بھی واضح ہوا ہے کہ جیون ریڈی کی شمولیت سے کئی حلقوں میں پارٹی کو فائدہ ہوگا، جو ان کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
