
حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے عوام کے لیے راحت کی بڑی خبر سامنے آئی ہے، جہاں تلنگانہ حکومت نے MMTS ٹرینوں میں مفت سفر کی پیشکش کر کے روزمرہ سفر کو آسان بنانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ امکان ہے کہ ریاست کے یومِ تاسیس 2 جون سے اس سہولت کا آغاز کیا جائے، جس سے ہزاروں مسافروں کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نہ صرف شہر میں بڑھتی ہوئی ٹریفک بھیڑ کو کم کرنا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی پر بھی قابو پانا ہے۔ منصوبے کو ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے تجرباتی بنیادوں پر نافذ کرنے کی تجویز ہے، جس کے تحت مسافروں کے ٹکٹ کا مکمل خرچ ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔
اس حوالے سے 16 اپریل کو منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کیا گیا، جس کے بعد تجاویز ساؤتھ سنٹرل ریلوے کو روانہ کر دی گئی ہیں۔ منظوری ملتے ہی اس اسکیم کو عملی جامہ پہنانے کی تیاریاں تیز کر دی جائیں گی، جو شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں ایک بڑا انقلاب ثابت ہو سکتی ہے۔
