
پداپلی کے لیے اعزاز: عبدالروف بین الاقوامی اساتذہ تربیتی پروگرام کے لیے منتخب
پداپلی: ایس آر جی اور میسا کے آرگنائزنگ سیکرٹری، جناب عبدالروف (اسکول اسسٹنٹ ریاضی) صاحب کا بین الاقوامی اساتذہ تربیتی پروگرام کے لیے انتخاب عمل میں آنا ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ وہ اس اہم پروگرام میں شرکت کے لیے فن لینڈ روانہ ہو رہے ہیں، جو نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی بلکہ پورے پداپلی اور ضلع کریم نگر کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز ہے۔
یہ بات خصوصی طور پر قابلِ ذکر ہے کہ اردو میڈیم کے اسکول اسسٹنٹ عبدالروف صاحب کا اس عالمی سطح کے پروگرام کے لیے انتخاب ہوا ہے، جبکہ پورے ریاست سے اردو میڈیم کے صرف دو اساتذہ کو یہ منفرد موقع حاصل ہوا ہے۔ اس لحاظ سے پداپلی کے لیے یہ ایک نہایت خوش آئند اور تاریخی موقع ہے۔
اس موقع پر عبدالروف صاحب کی شال پوشی کی گئی اور انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی گئی۔ اس تقریب میں صدر انجمن ترقی اردو کریم نگر، جناب سرور شاہ بیابانی صاحب، میسا پریسیڈنٹ پداپلی جناب افضل محی الدین صاحب، سیکرٹری میسا جناب عتیق صاحب، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری میسا کریم نگر جناب سید متحیر الدین صاحب اور اشرف صاحب (اسکول اسسٹنٹ) نے شرکت کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی اور ان کی کامیابی کو سراہا۔
معززین نے امید ظاہر کی کہ وہ اس بین الاقوامی پروگرام سے بھرپور استفادہ حاصل کر کے اپنے تجربات کو طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ شیئر کریں گے اور تعلیمی ترقی میں مزید اہم کردار ادا کریں گے۔
