
ناندیڑ – مہاراشٹر کے شہر ناندیڑ سے ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں دیگلور ناکہ کے اسلام پورہ علاقے میں 4 اسکولی بچوں کی نالے میں جمع پانی میں ڈوب کر موت ہوگئی۔
یہ حادثہ جمعرات دوپہر تقریباً 12 بجے پیش آیا، جب بچے اسکول سے گھر واپس جا رہے تھے۔ اسی دوران ہارون باغ کے قریب ایک گہرے گڑھے میں بارش یا نالے کا پانی جمع تھا، جہاں بچے کھیلتے پوئے نہانے کے ارادے سے اتر گئے، تاہم پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کے باعث چاروں بچے ڈوب گئے۔
مقامی افراد نے اطلاع ملتے ہی ریسکیو کارروائی شروع کی اور بچوں کو باہر نکالا، لیکن تب تک ان کی موت واقع ہو چکی تھی۔ جائے وقوعہ سے بچوں کے اسکول بیگ، جوتے اور کپڑے بھی برآمد ہوئے، جس نے حادثے کی سنگینی کو مزید واضح کر دیا۔
حادثے میں جاں بحق بچوں کی عمریں 8 سے 18 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں، جن کی شناخت محمد علی (13)، محمد فرحان (18)، محمد عدنان (8) اور محمد ریحان (11) کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس مقام پر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نالے کی تعمیراتی کام جاری تھا جبکہ قریب ہی پلاٹنگ کا کام بھی چل رہا تھا۔ شہریوں نے سوال کیا ہے کہ گہرا گڑھا کس نے کھودا اور اسے کھلا کیوں چھوڑا گیا، اور حفاظتی انتظامات کیوں نہیں کئے گئے۔
پولیس اور انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر پنچنامہ کیا اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہاسپٹل منتقل کر دیا ہے۔ حکام نے واقعہ کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کا یقین دلایا ہے۔
