لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے کیرالہ میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی اور ایل ڈی ایف پر سخت حملہ کیا اور الزام لگایا کہ دونوں کے درمیان خفیہ شراکت داری موجود ہے، جبکہ اصل سیاسی مقابلہ یو ڈی ایف کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ کی سیاست کو سمجھنے کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ ایک طرف بظاہر مخالف نظر آنے والی قوتیں دراصل ایک دوسرے کی مدد کر رہی ہیں۔
راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اگر کسی بھی بائیں محاذ کے کارکن یا لیڈر سے پوچھا جائے کہ کیا موجودہ حکومت حقیقی معنوں میں بائیں بازو کی حکومت ہے، تو وہ خود اس کی تردید کرے گا۔ ان کے مطابق کئی مواقع پر بائیں بازو کے لیڈران یو ڈی ایف کے تعاون سے سیاست کرتے نظر آئے ہیں، جو کیرالہ کی سیاسی تاریخ میں ایک غیر معمولی بات ہے۔
