[]
بہرائچ: پولیس نے اترپردیش کے ضلع بہرائچ میں 4نوجوانوں کو مارپیٹ کرنے اور موافق پاکستان نعرے لگانے پر 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ 28 اکتوبر کو اس وقت پیش آیا جب ملزمین نے جن کی شناخت نصیرالدین‘ قمرالدین‘ شامی‘ شیخو اور حامد کی حیثیت سے ہوئی ہے‘ دیگر 30 نامعلوم افراد کے ساتھ مل کر 25 سالہ امن سونی اور اس کے 3 دوستوں کو مارپیٹ کی اور مبینہ طورپر موافق پاکستان نعرے لگائے۔
پولیس نے بتایا کہ تنازعہ کی وجہ کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ایف آئی آر میں امن نے دعویٰ کیا کہ ہجوم نے اس پر اور اس کے ساتھیوں پر بلااشتعال حملہ کردیا۔ اس نے بتایا کہ میں اپنے دوستوں راکیش راجپوت‘ سہیل اور وشال چوہان کے ساتھ چھلواڑیہ چوراہا پر تھا جب نصیرالدین کی زیرقیادت ایک ہجوم وہاں پہنچا اور ہمیں دھمکانے کی کوشش کی۔
ہم نے اس پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا اور ان سے کہا کہ اگر وہ نہیں رکے تو ہم پولیس کو اطلاع دیں گے اس پر یہ گروپ برہم ہوگیا اور ہمیں مارپیٹ کی۔ انہوں نے پاکستان کی تائید میں نعرے بھی لگائے۔ ہم کسی طرح بچ نکلنے میں کامیاب رہے۔
ہم بری طرح زخمی ہوگئے تھے اور ہمیں لکھنو کے کنگ جارج میڈیکل یونیورسٹی ٹراما سنٹر میں شریک کرایا گیا تھا۔ اسٹیشن ہاؤز آفیسر کوتوالی دیہات منوج پانڈے نے بتایا کہ شکایت اور عینی شاہدین کے بیانات کی بنیاد پر 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ہم نے ان کے خلاف تعزیرات ِ ہند کی دفعات 147 (فساد بھڑکانا)‘ 148 (مہلک ہتھیاروں کے ساتھ فساد برپا کرنا) اور 323 (چوٹ پہنچانا) کے تحت کیس درج کرلیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔