
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل علی لاریجانی نے خبردار کیا ہے کہ ممکنہ طور پر ایسی سازش تیار کی جا رہی ہے جس کا مقصد 11 ستمبر جیسا واقعہ تخلیق کرکے اس کا الزام ایران پر ڈالنا ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاریجانی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ جیفری ایپسٹین کے نیٹ ورک کے باقی ماندہ عناصر ایک منصوبہ تیار کررہے ہیں جس کے تحت 11 ستمبر جیسا واقعہ ترتیب دیا جاسکتا ہے تاکہ اس کا ذمہ دار ایران کو ٹھہرایا جائے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران اصولی طور پر ایسے تخریبی منصوبوں کی مخالفت کرتا ہے اور ایران کی امریکی عوام کے ساتھ کوئی جنگ نہیں ہے۔
لاریجانی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ امن اور سلامتی کے اصولوں پر زور دیتا رہا ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کی مذمت کرتا ہے جس کا مقصد کشیدگی پیدا کرنا یا بے بنیاد الزامات لگانا ہو۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ایران امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے مقابلے میں دفاعی پوزیشن میں ہے اور اپنے دفاع میں مضبوط اور سخت ردعمل دے گا تاکہ حملہ آوروں کو سزا دی جاسکے۔
