اے پی:شادی کے استقبالیہ میں شرکت کیلئے جانے کے دوران بس، نہر میں گرگئی۔7 افرادہلاک

[]

حیدرآباد: شادی کے استقبالیہ میں شرکت کے لئے جانے کے دوران آندھراپردیش کے ضلع پرکاشم میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 7 افرادبشمول تین خواتین، ایک کم عمر لڑکی جاں بحق ہوگئے اور دیگر 15 شدید زخمی ہوگئے، ان میں 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ حادثہ کل شب ضلع کے دارشی کے قریب اُس وقت پیش آیا جب اے پی ایس آرٹی سی کی کرایہ پر حاصل کردہ بس کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھودیا اور یہ بس ساگرنہر میں گرگئی۔

پولیس کے مطابق حادثہ کے وقت بس میں 47 افراد بشمول دو ڈرائیورس سوارتھے جو شادی کے استقبالیہ کی تقریب میں شرکت کے لئے پوڈالی سے کاکناڈاجارہے تھے۔

نہر میں پانی کی سطح میں کمی کے سبب حادثہ کی شدت زیادہ نہیں ہوئی۔زخمیوں کو فوری طورپرعلاج کے لئے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیاگیا جبکہ شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے اونگول کے رمس اسپتال لے جایاگیا۔

مہلوکین کی شناخت 65 سالہ عبدالعزیز، 60 سالہ عبدالحئی، 48 سالہ شیخ رمیض، 58 سالہ ایم نورجہاں، 65 سالہ ایم جانی بیگم، 35 سالہ شیخ شبینہ اور7 سالہ حنا کے طورپر کی گئی ہے۔

پولیس نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی گئی ہے۔

پرکاشم ضلع کے ایس پی ملک گرگ نے اس حادثہ کی توثیق کی اور کہا کہ حادثہ کے نتیجہ میں مسافرین ایک دوسرے پر گرپڑے۔

انہوں نے اس حادثہ کو افسوسناک قراردیا اور کہا کہ بس کو نہرسے نکالنے کے لئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں۔

حادثہ کا مقام دلخراش منظرپیش کررہاتھا۔

اس حادثہ میں بس کو بھی نقصان پہنچا۔حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی حکام نے راحت کاموں کاآغاز کرتے ہوئے بس سے مسافرین کونکالنا شروع کردیا۔

شبہ کیاجارہا ہے کہ ڈرائیورحالت نیند میں تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔اسی دوران وزیراعلی جگن موہن ریڈی نے اس حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت کااظہارکیااور زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی حکام کو ہدایت دی۔انہوں نے کہاکہ حکومت، اس خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *