[]
ریاض ۔ کے این واصف
صدر تلنگانہ این آر آئیز فورم محمد عبد الجبار نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ فورم کی جانب سے آرگنائزڈ “خدمت حجاج مشن 2023” کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ اس مشن میں تقریباً 400 مرد و خواتین نے رضاکارانہ طور پر خدمات انجام دیں۔
ان والنٹیرز کا تعلق مملکت کے مختلف شہروں سے تھا۔ انھوں نے بتایا کہ امسال شدید گرمی کے باوجود والنٹیرز نے بڑی ہمت اور مستعدی سے اس کار خیر کو انجام دیا۔ عبد الجبار نے بتایا کہ قبل ازیں جدہ میں والنٹیرز کا تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا جہاں انھیں ڈاکٹر جنید نے ایمرجنسی حالات میں میڈیکل فرسٹ ایڈ کی ٹرینگ، ڈاکٹر شیخ سہیل مدنی نے حج مسائل، انجینیر سعید احمد اور مولانا الیاس شرف الدین نے دیگر امور پر والنٹیرز کی رہنمائی کی۔
والنٹیرز کو آئی ڈی کارڈز، یونیفارمز، روٹ میپس، ویلچیرز وغیرہ مہیا کرائے گئے جن کی مدد سے انھوں نے منی، عرفات اور مزدلفہ میں حجاج کی خدمات انجام دیں۔ عبد الجبار نے بتایا کہ فورم ان رضاکاروں کے تعاون سے پچھلے 14 سال سے یہ خدمت حجاج مشن کا اہتمام کررہا ہے۔ آخر میں انھوں نے تمام والنٹیرز، اس مشن میں تعاون کرنے والے حضرات اور انڈین قونصلیٹ جدہ کا شکریہ ادا کیا۔