اسرائیلی فوج کا ٹینکوں کیساتھ غزہ شہر پر بڑا حملہ

[]

تل ابیب: عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے ٹینکوں کے ساتھ غزہ شہر پر بڑا حملہ کیا ہے، جس کے بعد سے غزہ کے نواحی علاقے میں فلسطینی مجاہدین اور اسرائیلی فوج میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ٹینک غزہ شہر کے نواحی علاقے صلاح الدین میں موجود ہیں، اسرائیلی ٹینکوں کی جانب سے شاہراہ صلاح الدین سے گزرنیوالی گاڑیوں پر گولہ باری کی جارہی ہے۔

غزہ سے ترجمان حماس کا بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے صلاح الدین میں اسرائیلی ٹینکوں پرحملہ کیا ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی فوج نے غزہ کے دو بڑے اسپتالوں کے قریب بمباری کی، صہیونی فوج نے القدس اسپتال کے 20 میٹر قریب حملہ کیا، جس سے اسپتال کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں اور دھواں پھیل گیا۔

اسرائیل نے غزہ کے اسپتالوں کو نشانے پر رکھ لیا، اسرائیلی فورسز نے غزہ کے سب سے بڑے الشفااسپتال کے قریب بمباری کی، اسپتال میں ہزاروں زخمیوں اور سیکڑوں خاندانوں نے پناہ لے رکھی ہے۔

صہیونی فوج نے القدس اسپتال کے 20 میٹر قریب بھی فضائی حملہ کیا، جس سے اسپتال کی کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، دھواں پھیل گیا، بارود کی بُو اور دھوئیں سے زخمیوں اور پناہ لینے والوں کا دم گُھٹنے لگا۔

حملے سے آئی سی یو اور انکیوبیٹر وارڈ میں بھی دھواں بھرگیا، القُدس اسپتال میں میں چودہ ہزار افراد موجود ہیں، بچوں اور عورتوں سے کوریڈور بھرے ہوئے ہیں جبکہ القدس اسپتال کی طرف آنے والے راستے بھی بمباری میں تباہ ہوگئے ہیں۔

تازہ حملوں میں ساڑھے چار سوعمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، مسلسل بمباری اورامدادی سامان کی ترسیل بند ہونے کے باعث قحط کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *