حیدرآبادی ڈاکٹر کا کارنامہ‘انڈین بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل
گردن کی ہڈی کے ٹیومر کی دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلی سرجری پر ڈاکٹر سہیل انجم کو ایوارڈ
حیدرآباد۔ 6/فروری۔انڈین بک آف ورلڈ ریکارڈز کے عہدیدار وں نے معروف ڈاکٹر سہیل انجم کو ایک نہایت پیچیدہ اور ہائی رسک سروائیکل اسپائن سرجری کے کامیاب اہتمام پر ان کے کارنامہ کو بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا اور 6 فروری کو خصوصی ایوارڈ پیش کیا۔گلین فیلڈ ملا ریڈی برین اینڈ ہارٹ ہاسپٹل،چاپل روڈ سے وابستہ ڈاکٹر سہیل انجم نے یہ سرجری دنیا میں پہلی بار استعمال کی جانے والی ایک منفرد تکنیک کے ذریعے انجام دی، جس میں مسلسل تھوراسک سب اراکنوئیڈ بلاک کے ذریعے ہائپوبیرک ادویات کا استعمال کیا گیا۔گلین فیلڈ ہاسپٹل میں منعقدہ تہنیتی تقریب میں انڈین بک آف ورلڈ ریکارڈ کے ڈاکٹر پوانی، ڈاکٹر وویکا نندا نے شرکت کی۔ سینئر ریڈیالوجسٹ ڈاکٹر ایم اے متین نے صدارت کی۔ ڈاکٹر اظہر انصاری میڈیکل ڈائریکٹر نے ہاسپٹل انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹر سہیل انجم کو مبارکباد پیش کی۔ جناب یونس انصاری ڈائریکٹر نے خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر سہیل انجم نے بتایا کہ جس مریض کی انہوں نے سرجری کی ہے اس کی عمر 65 سال سے زائد ہے اور وہ مختلف پیچیدہ امراض میں مبتلا تھے، ان کی بائی پاس سرجری ہوچکی تھی۔ گردے کا عارضہ لاحق اس کے علاوہ تھائیرائیڈ اور کئی امراض سے وہ متاثر تھے۔ گردن کی ہڈی میں ٹیومر کی وجہ سے ان کے ہاتھ پاؤں بار بار مفلوج ہو رہے تھے۔ انہیں انستھیسیا روایتی انداز میں دینے سے جان کو خطرہ لاحق تھا۔ اس لئے انہوں نے نئی ٹیکنیک سے سرجری انجام دی جو دنیا میں اپنی نوعیت کی نئی اور منفرد ہے۔ امریکن جنرل نے ان کی رپورٹ کو شامل اشاعت کیا ہے جب کہ انڈین بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کارنامہ کو شامل کرتے ہوئے انہیں اعزاز سے نوازا۔
حیدرآبادی ڈاکٹر کا کارنامہ انڈین بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل
