[]
ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے وزٹ ویزہ ہولڈرز کے لئے اہم ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے وزٹ ویزہ ہولڈرز سے کہا ہے کہ’وہ ویزے میں آن لائن توسیع کرائیں اور ویزہ ضوابط کی پابندی کریں۔‘
محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے’انفرادی وزٹ ویزے میں توسیع اس کے ختم ہونے سے سات روز قبل ابشر افراد، اعمال اور بوابہ مقیم کے ذریعے کرائی جاسکتی ہے۔‘محکمہ پاسپورٹ کے مطابق ’وزٹ ویزہ ہولڈرز ویزے کی میعاد ختم ہونے سے سات روز قبل آن لائن توسیع کراسکتے ہیں۔ اس کے لیے انہیں پاسپورٹ دفاتر جانے کی ضرورت نہیں۔‘
دوسری جانب جوازات کے ٹوئٹر پر ایک شخص نے دریافت کیا کہ کیا فائنل ایگزٹ سے قبل لگوائے گے وزٹ ویزے پر اہلیہ سفر کر سکتی ہیں؟ ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ وہ سعودی عرب میں اقامہ پر مقیم تھے، اس دوران انھوں نے اپنی اہلیہ کے لیے وزٹ ویزا جاری کرایا، جو مئی 2023 تک ہے۔
تاہم اہلیہ کے مملکت آنے سے قبل ہی وہ یہاں سے فائنل ایگزٹ پر واپس چلے گئے، اور پھر اس کے فوراً بعد کمرشل وزٹ پر دوبارہ آ گئے، اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اہلیہ کے پاس غیر استعمال شدہ وزٹ ویزا ہے، کیا وہ مملکت آ سکتی ہیں۔
سوال کے جواب میں جوازات نے کہا کہ امیگریشن قوانین کے مطابق مملکت میں داخل ہونے کے لیے لازمی ہے کہ کارآمد ویزا ہو، ایکسپائر ویزا ہونے کی صورت میں مملکت میں داخل نہیں ہوا جا سکتا۔
جوازات نے کہا کہ وزٹ ویزا جاری ہونے کے بعد اسے استعمال کیا جا سکتا ہے، اگرچہ ویزا جاری کرانے والا مملکت میں ہو یا نہیں، بنیادی شرط ویزے کا ایکسپائر نہ ہونا ہے۔