[]
مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے صہیونی حکومت کے ساتھ اظہار یکجہتی و حمایت کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق فرانسیسی صدر ایمائل میکرون مقبوضہ فلسطین کے دورے کے سلسلے میں تل ابیب پہنچ گئے ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق صدر میکرون نے دورہ کرکے اسرائیل کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انسانی حقوق کے دعویدار مغربی ممالک کے حکمران ان حالات میں اسرائیل کا دورہ کررہے ہیں جب صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کی زد میں آکر شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
تازہ ترین صورتحال کے مطابق اب تک 5ہزار 87 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 2ہزار 55 بچے، 1ہزار 119 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 15ہزار 273 ہوچکی ہے۔
پیر کے دن امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، فرانس اور اٹلی نے غزہ میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام کی طرف اشارہ کئے بغیر صہیونی حکومت کے لئے اپنی حمایت کا اعادہ کیا تھا اور فسلطینی نہتے شہریوں پر حملوں کو اسرائیل کا حق قرار دیا تھا۔
مذکورہ ممالک کے سربراہاں مملکت کے ٹیلیفونک رابطے کے بعد بیان جاری کیا گیا تھا۔ یہ چھے ممالک خود کو صہیونی حکومت کی حمایت اور مالی تعاون کے ذمہ دار سمجھتے ہیں۔