
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے لیبیا کی فوج کے چیف آف اسٹاف، محمد علی احمد الحداد کو لے جانے والے طیارے کے المناک حادثے پر لیبیا کی حکومت اور عوام سے تعزیت کی ہے۔
ایرانی عہدیدار نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور لیبیائی حکومت اور قوم کو اس بڑے نقصان پر پرسہ دیا۔
واضح رہے کہ انقرہ کے قریب طیارہ حادثے میں محمد علی احمد الحداد اور چار اعلیٰ فوجی حکام کی موت کے بعد لیبیا نے ملک بھر میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔
لیبیا کی فوج کے چیف آف اسٹاف منگل کے روز ترک دارالحکومت انقرہ کے ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے تھوڑی دیر بعد اپنے نجی جیٹ کے گرنے کے نتیجے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، اس حادثے میں طیارے پر سوار تمام افراد جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں آرمی چیف کے علاوہ چار دیگر اعلیٰ درجے کے لیبیائی فوجی حکام اور عملے کے تین ارکان شامل تھے۔
ترک حکام نے الجزیرہ کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات نے تخریب کاری کے امکان کو مسترد کر دیا ہے اور اشارہ ملتا ہے کہ حادثے کی وجہ ٹیکنیکی خرابی تھی۔
