علامہ اقبالؒ کی 148ویں یومِ پیدائش 

حیدرآباد: (سفیر نیوز)ممتاز سیاسی و سماجی رہنماؤں نے تلنگانہ اسٹیٹ ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر سیکریٹریٹ کے قریب واقع اقبال مینار، خیرت آباد میں علامہ اقبالؒ کی 148ویں یومِ پیدائش کے موقع پر اتوار کے دن منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور عظیم شاعر و مفکر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر منعقدہ پروگرام کی صدارت تحریک مسلم شبان کے صدر محمد مشتاق ملک نے کی۔ انہوں نے علامہ اقبالؒ کو فکری خودمختاری اور عزتِ نفس کے علمبردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقبالؒ کا پیغام آج بھی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

تقریب میں ایم پی جے کے صدر محمد عبدالعزیز اور سابق رکنِ پارلیمنٹ سید عزیز پاشاہ نے بھی شرکت کی اور اقبالؒ کے فلسفے، شاعری اور فکری خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

محمد مشتاق ملک نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری آج بھی اتحاد، خودی اور قومی وقار کے جذبے کو بیدار کرتی ہے۔ انہوں نے “سارے جہاں سے اچھا” کو حب الوطنی اور عزمِ استقلال کی علامت قرار دیا اور شکوہ، جوابِ شکوہ جیسے کلام کو فکری گہرائی اور تہذیبی وقار کی بہترین مثالیں بتایا۔

اس موقع پر انجمن ہائی اسکول، مشیرباد کے طلبہ نے علامہ اقبالؒ کا مشہور ترانہ “سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا، ہم بلبلیں ہیں اس کی، یہ گلستاں ہمارا” پیش کیا۔

واضح رہے کہ اقبال مینار کو علامہ اقبالؒ کی یاد می1 اپریل 1988ء کو اُس وقت کے وزیراعلیٰ این۔ ٹی۔ راماراؤ نے شاعرِ مشرقؒ کی پچاسویں برسی کے موقع پر افتتاح کیا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *