روہت شرما کے پاس کریس گیل سے زیادہ چھکے

[]




نئی دہلی: ہندوستانی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے افغانستان کے خلاف ورلڈکپ 2023 کے 9 ویں میچ میں تاریخ رقم کی۔

روہت شرما نے 84 گیندوں میں 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 131 رنز بنائے اور اس دوران انہوں نے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔

روہت شرما نے ویسٹ انڈیز کے سابق اوپنر کرس گیل کا ریکارڈ توڑ کر یہ کارنامہ انجام دیا۔ کرس گیل نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 551 اننگز میں 553 چھکے لگائے تھے۔

ہندوستانی کپتان نے 473 اننگز میں 556 چھکے لگائے ہیں۔ یونیورس باس کے نام سے مشہور کرس گیل نے روہت شرما کو ان کا ریکارڈ توڑنے پر مبارکباد دی جس پر ہندوستانی کپتان نے شاندار جوابی حملہ کیا۔

روہت شرما کے جواب کو مداح کافی پسند کررہے ہیں۔ کرس گیل نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیاکہ مبارک ہو روہت شرما۔ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگائے۔ نمبر 45 خاص ہے۔

اس پوسٹ پر روہت شرما نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ آپ کا شکریہ کرس گیل۔ ہماری پیٹھ پر 4 اور 5 ہیں، لیکن ہمارا پسندیدہ نمبر 6 ہے۔

بی سی سی آئی نے روہت شرما کی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں ہندوستانی کپتان نے انکشاف کیاہے کہ انہوں نے اپنے کیریر کے ابتدائی دور میں کبھی سوچا بھی نہیں تھاکہ وہ اتنے چھکے ماریں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *