[]
حیدرآباد: حیدرآباد کے پرانے کے ایک اسکول کی نصابی کتاب میں محسن انسانیت حضوراکرمؐ کی تصویر کی اشاعت کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کالاپتھر پولیس اسٹیشن کے سامنے مسلم نوجوانوں نے کل رات زبردست احتجاج کیا۔
بتایا گیا ہے کہ بوائز ٹاون اسکول کی چوتھی جماعت کی سماجی علم کی کتاب میں تصویر شائع کرتے ہوئے حضوراکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخی کی گئی۔ان نوجوانوں نے کہاکہ 5دن پہلے ہی اس سلسلہ میں فلک نماپولیس سے شکایت کی گئی تھی تاہم اس شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ اس کتاب کا پرنٹرامیگوز بکس انٹرنیشنل ہے۔ اس پرنٹرکو تصویر کی اشاعت کا کوئی حق نہیں ہے۔اس کتاب کی اشاعت کرنے والے کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی ساتھ ہی اسکول انتظامیہ کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ کالاپتھر پولیس اسٹیشن میں پبلشر، کارپوریٹ آفس اور نصابی کتابوں کی تقسیم کرنے والوں کے خلاف فوجداری معاملہ درج کیاگیا ہے۔
پولیس نے کہاکہ پولیس اس معاملہ میں سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ایڈیشنل ڈی سی پی شیخ جہانگیر نے میڈیا کو بتایا کہ حضوراکرمؐ کی تصویر شائع نہیں کی جاسکتی۔اس سے مسلمانوں کو ٹھیس پہنچی۔مسلم نوجوانوں کی شکایت پر ایک معاملہ درج کیاگیا ہے اور اسکول کے پرنسپل کو گرفتار کیاگیا ہے۔