ہندوستان نے آسٹریلیا کو 6 وکٹ سے ہرادیا

[]

چینائی: رویندر جڈیجہ اور کلدیپ یادو کی شاندار بولنگ کے بعد کوہلی اور راہول کی نصف سنچریوں کی مدد سے ہندوستان نے ورلڈکپ کے ایک میاچ میں آسٹریلیا کو 6 وکٹ سے ہرادیا۔ ٹیم انڈیا کو جیت کیلئے 200 رنوں کی ضرورت تھی جو اس نے 4 وکٹ کھوکر بنالئے۔

ہندوستان نے ایک موقع پر محض 2 رن پر اپنے 3 وکٹ گنوادیئے تھے تاہم کوہلی اور راہول نے دوسری وکٹ کیلئے 165 رنوں کی شراکت داری کے ذریعہ ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا۔ کوہلی 85 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ روہت‘ ایشان اور شریاس کھاتہ کھولنے میں بھی ناکام رہے۔

راہول بدقسمتی سے سنچری نہیں کرپائے اور 97 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ہاردیک پانڈیا بھی 11 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کیلئے ہیزلووڈ نے 3 جبکہ اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں ہندوستانی گیندبازوں کی شاندار بلونگ کے باعث پہلے بیاٹنگ کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیم 49.3 اوورس میں 199 رن بناکر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کیلئے سلامی بلے باز ڈیویڈ وارنر اور سابق کپتان اسٹیو اسمتھ ہی قابل قدر اسکور کرپائے۔ دوسرے اوپنر مچل مارش بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ تاہم اس کے بعد وارنر اور اسمتھ نے دوسری وکٹ کیلئے 69 رنوں کی شراکت داری کی لیکن وارنر کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلیا کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔

وارنر نے 41 جبکہ اسمتھ نے 46 رن بنائے۔ دیگر کھلاڑیوں میں مارنس لبوشین 27‘ گلین میکسویل 15‘ الیکس کیری صفر‘ کیمرون گرین 8‘ مچل اسٹارک 28 اور ایڈم زمپا 6 رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جوش ہیزلووڈ ایک رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔

ہندوستان کی جانب سے آل راونڈر رویندر جڈیجہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 جبکہ بمراہ اور کلدیپ یادو نے 2,2 وکٹ حاصل کئے۔ محمد سراج‘ ہاردیک پانڈیا اور اشون کو بھی ایک ایک وکٹ حاصل ہوئی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *