
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہای نے امام علی بن موسیٰ الرضا علیہالسلام کی شہادت کے موقع پر عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کو دشمنوں کے مقابلے میں سب سے بڑی قوت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن اچھی طرح جان چکے ہیں کہ ایران کو جنگ کے ذریعے شکست نہیں دی جاسکتی، اسی لیے وہ اب اختلافات پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں۔
رہبر انقلاب نے اس موقع پر اتحاد کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت، مسلح افواج اور عوام کے درمیان قائم فولادی اتحاد میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے۔ یہ ہر فرد خصوصا قلمکار اور ارباب فکر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس عظیم قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنائیں۔
آیت اللہ خامنہای نے مزید کہا کہ عوام اور سیاسی حلقے سب کو ملک کی خدمت کرنے والوں بالخصوص زحمت کش صدر مملکت کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے تاکہ دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں ملک مزید مستحکم ہو۔
