
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنانی پارلیمنٹ میں حزب اللہ کی حمایت یافتہ جماعت کے رکن علی فیاض نے کہا ہے کہ کسی بھی قسم کے مذاکرات یا امن معاہدے کا پہلا اور بنیادی قدم اسرائیل کا لبنان سے مکمل انخلا، مخاصمت آمیز سرگرمیوں کا خاتمہ اور لبنانی قیدیوں کی رہائی ہے۔ ان بنیادی شرائط کے بغیر کوئی بھی مذاکراتی عمل کامیاب یا بامعنی نہیں ہو سکتا اور لبنان اپنی خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔
لبنانی اخبار “الاخبار” کے مطابق، علی فیاض نے یہ موقف حزب اللہ کے وفد کی سابق صدر میشل عون سے ملاقات کے بعد واضح کیا۔
انہوں نے کہا کہ لبنان ہمیشہ سے جنگ بندی معاہدے اور اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 1701 کا سختی سے پابند رہا ہے اور اس پالیسی کی واضح عکاسی وزیر اعظم کی حلف برداری کی تقریر، بیانات اور امریکی ثالث کو پیش کی گئی دستاویزات سے ہوتی ہے۔
علی فیاض نے اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ لبنان سے غیر ضروری مطالبات کیے جا رہے ہیں جب کہ اسرائیل اپنی سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔
