53 مقامات پر این آئی اے کے دھاوے۔ خالصتان حامی پھر سے سرگرم

[]

نئی دہلی: این آئی اے نے دہشت گرد۔ جرائم پیشہ سرغنہ۔ منشیات اسمگلروں کے گٹھ جوڑ کے خلاف کئی ریاستوں میں چھاپوں میں چہارشنبہ کے دن کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔

ریاستی پولیس فورسس نے این آئی اے کی مدد کی۔ نیشنل انوسٹیگیشن ایجنسی نے کہا کہ اس نے آج دن بھر کی کارروائی میں 53 مقامات پر چھاپے مارے۔

پنجاب‘ دہلی‘ ہریانہ‘ یوپی‘ راجستھان‘ اتراکھنڈ اور مرکزی زیرانتظام علاقہ چندی گڑھ میں دھاوؤں میں پستول‘ گولہ بارود‘ کئی ڈیجیٹل آلات اور قابل اعتراض مواد ضبط ہوا۔

اگست 2022 سے این آئی اے نے 5 کیسس کے اندراج کے بعد سلسلہ وار ساتویں کارروائی کی۔ این آئی اے کا کہنا ہے کہ مختلف ریاستوں کی جیلوں میں سازشیں ہورہی ہیں۔ بیرونی ممالک میں مقیم کارندوں کا منظم نیٹ ورک یہ کام کرارہا ہے۔

کئی جرائم پیشہ سرغنے حالیہ عرصہ میں بیرون ِ ملک فرار ہوچکے ہیں اور وہاں سے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ این آئی اے کی ٹیموں نے راجستھان کے 13 اضلاع میں جہاں خالصتان حامی رہتے ہیں‘ ٹیموں نے اضلاع ہنومان گڑھ‘ جھنجھنو‘ گنگا نگر‘ جودھپور‘ بیکانیر‘ جیسلمیر‘ سکر‘ پالی‘ جودھپور دیہات‘ باڑمیر‘ کوٹادیہات‘ بھیلواڑہ اور اجمیر میں تلاشی لی۔

ذرائع کے بموجب ایجنسیوں کو جانکاری ملی ہے کہ خالصتان حامی پھر سے سرگرم ہوگئے ہیں۔ ان لوگوں سے کینیڈا میں مقیم خالصتانی خفیہ رابطہ قائم کررہے ہیں۔

این آئی اے نے جن مقامات پر دھاوے کئے وہاں کے لوگوں کی بینک معاملتوں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔ حال میں راجستھان کے 10 سے زائد اضلاع کو خالصتان کے نئے نقشہ میں دکھایا گیا۔

پی ٹی آئی کے بموجب این آئی اے نے آج کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔ وفاقی ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ دہلی۔ این سی آر کے شمال مشرقی ضلع اور چندی گڑھ میں بھی چھاپے مارے گئے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *