[]
حیدرآباد: حکومت کی جانب سے ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین کو حکومت میں ضم کرتے ہوئے گزٹ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ اس اعلامیہ کی رو سے 15 ستمبر سے آر ٹی سی ایمپلائز کو سرکاری ملازم کے طور پر شمار کیا جائے گا۔
واضح کیا گیا کہ موجودہ طور پر آر ٹی سی میں روبہ عمل تقرراتی عمل کو جوں کا توں برقرار رکھا جائے گا۔ یہاں اس بات کاتذکرہ ضروری ہے کہ آر ٹی سی کے مختلف شعبہ جات میں 43,045 ملازمین برسر خدمت ہیں۔
دوسری طرف حکومت نے آر ٹی سی کے حکومت میں انضمام کے عمل کو آندھرا پردیش میں اختیارکردہ طریقہ کار کے مطابق مکمل کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں پرنسپل سکریٹری محکمہ فینانس کے رام کرشنا راؤ کی قیادت میں جائزہ لیا جارہا ہے۔
پہلے ملازمین کی تنخواہیں اور سینیا ریٹی کا مطالعہ کیا جائے گا۔ اسی بنیاد پر ملازمین کا کیڈر تشکیل دیا جائے گا۔ ڈرائیورس اور کنڈکٹرس کو سینئر یا جونیر اسسٹنٹ کے طور پر تسلیم کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ سرکاری ملازمین کیلئے تلنگانہ اسٹیٹ سب آرڈینٹ رولس کا اطلاق ہوتا ہے۔
اگر ان رولس کے تحت آر ٹی سی ملازمین کو ضم کیا جاتا ہے تو ترقی کے معاملات میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اس لئے حکومت ایسا کرنے کے بجائے آر ٹی سی ملازمین کو سرکاری ملازمین کے طور پر ضم کرتے ہوئے تمام فوائد پہنچانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔