پنڈت جواہر لال نہرو ایک عظیم شخصیت کے مالک تھے، جنہیں ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ صرف ایک سیاستدان ہی نہیں تھے بلکہ ایک مدبر، مفکر، مصنف اور عوام کے دلوں کے قائد بھی تھے۔ ان کی قیادت اور وژن نے آزاد ہندوستان کی بنیادوں کو مضبوط کیا اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
پنڈت جواہر لال نہرو 14 نومبر 1889 کو الہ آباد (موجودہ پریاگ راج، اتر پردیش) میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد موتی لال نہرو ایک ممتاز وکیل اور کانگریس کے سرکردہ رہنما تھے۔ پنڈت نہرو نے اپنی ابتدائی تعلیم ہیرو اسکول (Harrow School) لندن میں حاصل کی، اس کے بعد انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی سے نیچرل سائنسز میں ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں وہ برطانیہ کی انز آف کورٹ سے وکالت کی تعلیم مکمل کر کے 1912 میں ہندوستان واپس آئے۔
