[]
نئی دہلی: سابق صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے جو ایک ملک ایک الیکشن کمیٹی کے سربراہ ہیں‘ ہفتہ کے دن کہا کہ کمیٹی کی پہلی میٹنگ 23 ستمبر کو منعقد ہوگی۔
پارلیمنٹ کا 5 روزہ خصوصی اجلاس ختم ہونے کے ایک دن بعد یہ میٹنگ ہوگی۔ مرکز نے جاریہ ماہ اعلان کیا تھا کہ ایک ملک ایک الیکشن کا امکان تلاش کرنے 8 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں سابق صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ کانگریس رکن پارلیمنٹ ادھیر رنجن چودھری‘ سابق قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد‘ سابق صدرنشین 15واں فینانس کمیشن این کے سنگھ اور سابق سکریٹری جنرل لوک سبھا سبھاش کشیپ شامل ہیں۔
سینئر وکیل ہریش سالوے اور سابق چیف ویجلنس کمشنر سنجے کوٹھاری کو بھی کمیٹی میں جگہ دی گئی تاہم ادھیر رنجن چودھری نے کمیٹی کا حصہ بننے سے انکار کردیا۔
کمیٹی پتہ چلائے گی کہ آیا لوک سبھا اور اسمبلی الیکشن کے ساتھ ساتھ بلدیات اور گرام پنچایتوں کے انتخابات ممکن ہیں۔ گزٹ اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی۔
کمیٹی سفارشات بھی کرے گی کہ معلق اسمبلی / پارلیمنٹ‘ تحریک عدم اعتماد‘ انحراف یا ایسا ہی کوئی دوسرا مسئلہ پیدا ہو تو کیا کیا جائے۔