اشوک گہلوت نے کہا کہ آج تک ہندوستان کی کسی بھی حکومت کا مؤقف یہی رہا ہے کہ کشمیر معاملے میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چاہے یہ مسئلہ پاکستان کے ساتھ ہو یا کسی اور سے، ہندوستان ہمیشہ دو طرفہ بات چیت پر یقین رکھتا ہے لیکن ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے بعد حکومت کی خاموشی نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
گہلوت نے کہا، ’’ٹرمپ نے جو کچھ بھی کہا، چاہے وہ سیزفائر کا دعویٰ ہو یا کشمیر اور تجارت سے متعلق بات، اس سے پورے ملک میں غصہ ہے۔ مگر حکومت اسے سمجھ نہیں پا رہی۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بی جے پی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔‘‘
