[]
نئی دہلی: انڈیا بلاک کی کئی جماعتوں نے آج بی جے پی کو نشانہ ئ تنقید بنایا جس نے ایک ایسے دن جی 20 چوٹی اجلاس کی کامیابی کا جشن منایا ہے جب جموں وکشمیرمیں سیکوریٹی عملہ کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
کانگریس نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے وزیراعظم نریندر مودی تعریفیں بٹورنے کو ملتوی نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ ضلع اننت ناگ کے گارول علاقہ میں چہارشنبہ کی صبح دہشت گردوں کے ساتھ بندوقوں کی لڑائی میں کمانڈنگ آفیسر 19 راشٹریہ رائفلس کرنل من پریت سنگھ‘ میجر آشیش دھونک اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ہمایوں بھٹ ہلاک ہوگئے۔
کانگریس نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں وزیراعظم کو بے حس قراردیا وار مہلوک فوجیوں کے ارکان خاندان کے سوگ منانے کے ویڈیوز شیئر کئے جبکہ دیگر ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ جی 20 چوٹی اجلاس کی کامیابی پر بی جے پی ہیڈکوارٹرس میں چہارشنبہ کی شام جشن منایا جارہا ہے اور وزیراعظم نریندر مودی کو تہنیت پیش کی جارہی ہے۔
ہندی میں ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کانگریس قائد پون کھیڑا نے کہا کہ ایک ایسے وقت جبکہ ہمارے 3 فوجی عہدیداروں کی شہادت کی افسوسناک خبر موصول ہورہی تھی‘ بی جے پی ہیڈکوارٹرس میں ”بادشاہ“ کے لئے جشن منایا جارہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے وزیراعظم تعریفیں بٹورنے کو ملتوی نہیں کرسکتے۔